ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انتخابی نتائج کے بعد بڑی سیاسی تبدیلی ممکن: یڈیورپا

انتخابی نتائج کے بعد بڑی سیاسی تبدیلی ممکن: یڈیورپا

Tue, 07 May 2019 13:33:34    S.O. News Service

بنگلورو،7/مئی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے فوراً بعد ریاست میں بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلیاں ہوں گی اور کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت کے خاتمے کے بعد حالات کیا رخ اختیار کرسکتے ہیں اس کے بارے میں فی الوقت کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ لیکن اتنا ضرور ہے کہ کانگریس جے ڈی ایس ایک ساتھ نہیں رہیں گے۔ چنچولی حلقے کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے لئے انتخابی مہم چلانے کے لئے آمد کے بعد انہوں نے اشارہ دیا کہ مخلوط حکومت میں اگر کسی طرح کا انتشار پیدا ہوتا ہے تو اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے بی جے پی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ یڈیورپا نے کہاکہ وہ سرگرم سیاست میں سنیاسی نہیں کہ ہر سیاسی تبدیلی پر خاموشی اختیار کرلیں۔ دونوں پارٹیوں میں اختلافات سے اگر بی جے پی کو فائدہ ہورہاہے تو بی جے پی اس سے فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی کی طرف سے اپنے طور پر کوئی کوشش نہیں کی جائے گی، البتہ اپنے ہی تصاد کا شکار ہوکر اگر کانگریس جے ڈی ایس اتحاد ٹوٹ جائے تو متبادل حکومت قائم کرنے کے لئے جو بھی طریقہئ کار اپنانا ہے اسے اپنایا جائے گا۔ منڈیا میں آزاد امیدوار سمالتا امبریش کی کامیابی کا یقین ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں سوائے ہاسن کے جے ڈی ایس کہیں بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ٹمکور اور میسور میں بھی انہوں نے بی جے پی کی جیت کی پیشین گوئی کی ہے۔ یڈیورپا نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے 22 لوک سبھا حلقوں میں بی جے پی کی جیت یقینی نظر آرہی ہے۔ وزیرداخلہ ایم بی پاٹل پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے وہ بی جے پی کارکنوں کی گرفتاری کروارہے ہیں۔ 


Share: